سپریم کورٹ میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی اپیل کی سماعت نہ ہو سکی
اسلام آباد( خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی اپیل کی سماعت وقت کی کمی کے باعث نہ ہو سکی ،تاہم الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر حکم امتناہی برقرا ر رہے گاسپریم کورٹ میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور اکبر اسکانی کی انتخابی عذرداریوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمر عطابندیال کی سر برا ہی میں تین رکنی بینچ نے کی دوران سماعت اکبر اسکانی کے وکیل بیرسٹر وسیم سجاد نے موقف اپنایا کہ الیکشن ٹربیونل نے جس پٹیشن پر فیصلہ دیا وہ قانونی معیار پر پورا نہیں اترتی،جو بیان حلفی پیش کئے گئے وہ بھی قانون کے مطابق نہیں، الیکشن ٹربیونل میرٹ پر ایسی درخواست کا جائزہ نہیں لے سکتا تھا جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا الیکشن پٹیشن کا1967 کے معیار پر اتنی سختی سے جائزہ نہیں لے سکتا، الیکشن پٹیشنز پر سختی کی تو خلاف قانون منتخب ہونے والوں کا کیا ہوگا؟جہاں سیاسی نظام میچور ہو وہاں ہارنے والا جیتنے والے کو مبارک دیتا ہے، آج کل ہر الیکشن ہی چیلنج ہو جاتا ہے،نادرا کی جانب سے ووٹوں کے فرانزک آڈٹ نے صورتحال بدل دی، نادرا اب تعین کر لیتا ہے کونسا ووٹر حلقہ تھا کون نہیں وکیل وسیم سجاد کے دلائل جاری تھے کہ عدالت نے مزید سماعت گیارہ فروری تک ملتوی کردی تاہم ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کا حکم امتناہی برقرار رکھا گیا۔