برازیل کے جنوب مشرقی علاقے میں ریکارڈ بارش کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 44 سے تجاوز کرگئی۔
قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام کا کہنا تھا کہ کم ازکم 44 افراد ریاست میناس جیرس میں ہلاک ہوئے اور پڑوسی ریاست اسپیریتو سینٹو میں بھی 9 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔
سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 20 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات میں منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریاست میناس جیرس کے دارالحکومت بیلو ہوریزنٹے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان 171 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ 110 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔
گورنر گستاو زیما نے امدادی کارروائیوں کے پیش نظر ریاست کے 99 شہروں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
گستاو زیما نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر تین روزہ سوگ کا بھی اعلان کردیا ہے۔
ریاستی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ مزید بارش کی پیش گوئی کے باعث انہیں الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے اور وہ تیار ہیں۔
حکام نے الیگر شہر میں ایک ڈیم کے ٹوٹنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو قریبی علاقوں کو فوری طور پر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔