جے یو آئی (ف) پوٹھوار ٹاؤن کا عام انتخابات میں تمام حلقوں سے امیدوار کھڑے کرنیکا اعلان
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علماء اسلام (ف) پوٹھوار ٹاؤن کی مجلس عمومی نے 2018ء کے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور تمام حلقوں میں امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعیت کا اجلاس ہفتہ کو یہاں دارالافتاء دالارشاد گوالمنڈی میں مولانا قاری محمد قاسم کی میزبانی میں منعقد ہوا جس کی صدارت جے یو آئی (ف) پوٹھوار ٹاؤن کے امیر مولانا گل عظیم شاہ نے کی اجلاس میں تنظیمی امور اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ایک قرارداد میں سانحہ قصور کے ملزم کی جلد گرفتاری پر پنجاب پولیس اور تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے زینب کے والد سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور حکومت پر زور دیا گیا کہ سانحہ قصور میں ملوث شخص کو سرعام پھانسی دی جائے اور عوام کی جان ومال اور عزت وآبرو کی حفاظت کا خاطر خواہ انتظام کیا جائے اجلاس میں تھانہ سٹی کے علاقے میں فائرنگ کرکے دو افراد کو شدید زخمی کرنے والے ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری پر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او خالد محمود ستی اور دیگر عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے حکام بالا سے ان کے لیے انعامات کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں مفتی ظفیر‘ مولانا عبدالغفار توحیدی‘ مولانا محمد قاسم‘ مفتی محمد اقبال‘ قاری محمد حسین قاسمی‘ قاری عبدالباسط‘ حاجی احمد دین‘ مولانا مقصود عثمانی‘ مولانا یوسف شاہ‘ مولانا زین العابدین‘ مولانا سعید اور مولانا جمیل الرحمن نے شرکت کی۔