اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کے اخراجات اور ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا: عائشہ غوث پاشا
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئین میں اٹھارویں ترمیم کے نتیجہ میں اختیارات کے ساتھ صوبوں کے اخراجات اور ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا لیکن قومی مالیاتی ایوارڈ کے تقسیم کے فارمولا میں کوئی تبدیلی نہیںلائی گئی۔ 110 ملین آبادی کے صوبے کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پیداوار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ کسانوں کی پیداواری استعداد کار میں اضافے کے لیے اُنہیں مالی معاونت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مڈل مین کے کردار کو ختم کیا جا رہے۔ دیہاتوں سے شہروں کی جانب بڑھتی ہوئی نقل مکانی پر قابو پانے کے لیے دیہاتوں میں موبائل یونٹس کے ذریعے علاج معالجے کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ پکی سڑکوں کی تعمیر اور سکولوں میں عدم موجود سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہری سہولیات کے پھیلائو کے لیے 16 سے زائد ثانوی درجہ کے شہروں کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں ایڈمرل نوید احمد رضوی کی قیادت میں پاکستان نیوی وار کالج لاہورسے سنتالیسویں پاک نیوی کورس کے شرکاء کے 80 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب آبادی کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ اور ملکی معیشت کا مرکز ہے جہاں 40 فیصد لوگ شہری سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ گڈگوورنس سے متعلق سوالات کے جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سہولیات کی گراس روٹ لیول تک فراہمی کے لیے لوکل گورنمنٹ سسٹم کو متحرک کیا جا رہا ہے اور جنوبی پنجاب سمیت کسی بھی خطے کو نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔ اس موقع پرچیف سیکرٹری پنجاب کپٹین ریٹائرڈ زاہد سعید نے نیوی وار کالج کے وفد کو پنجاب میں صحت، تعلیم، زراعت اور انفراسٹریکچر میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بیشتر ترقیاتی منصوبہ جات کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے صاف پانی، زیور تعلیم ، لائیو سٹاک جیسے پروگرامز پسماندہ علاقوں میں حالت زار کو پیش نظر رکھتے ہوئے متعارف کروائے گئے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ سے بہترین نتائج کے لیے ضلعی سطح پر تعلیم اور صحت کی اتھارٹیز متعارف کروائی گئی ہیں۔ اورنج لائن اور پاور پروجیکٹس سے متعلق سوال کے جواب میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ منصوبہ میں پنجاب کے 110 ملین عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کروایا گیا جسے چائنا فنانس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولر، گیس اور کول پاور پروجیکٹس کا انتخاب ان کی کم لاگت اور زیادہ پیداراو کی بنیاد پر کیا گیا۔ ملاقات میں وفد کو پنجاب میں ہونے والی ڈویلپمنٹ اور چیلنجز سے آگاہی کے لیے سیکرٹری ہوم، سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ ایڈمرل نوید احمد رضوی نے صوبے کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ پر صوبائی وزیر خزانہ، چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان کا شکریہ ادا کیا اور زراعت اور تعلیم کے میدان میں مزید اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔