میڈیکل سٹور دوسرے روز بھی بند، دوا نہ ملنے سے بچی جاں بحق، رات گئے مذاکرات کامیاب
لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگاران) کیمسٹ اینڈ فارما انڈسٹری کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی ، حکومت اور فارما انڈسٹری کے 26اپریل کی رات کے معاہدہ کو فراڈ قرار دیتے ہوئے پاکستان کیمسٹ ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے سیکرٹری علی جان کے نیب کیسز کھولنے کا مطالبہ کردیا۔ ہول سیل ڈرگ کونسل، پاکستان کیمسٹ ریٹیلرز ایسوسی ایشن، پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کی مشترکہ جائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ڈرگ ترمیمی ایکٹ 2017 کو آرڈیننس کے ذریعے ختم کرنے کا مطالبہ دوسرے روز بھی نہ مانا گیا جس کے باعث پنجاب کی تمام فارما انڈسٹری اور میڈیکل سٹوروں نے شٹردائون ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھا، مریضوں کو ادویات کے حصول میں شدید دشواری کاسامنا کرنا پڑا۔ لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا گیا کہ26اپریل کی رات ماڈل ٹائون میں ہونے والے مذاکرات پر ہمیں تحفظات ہیں اس لئے ہم ان مذاکرات میں ہونے والے معاہدہ کو یکسر مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ حکومت کی دھونس دھاندلی ہے۔ بعدازاں جائنٹ ایکشن کمیٹی نے تین بجے لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی کے باہر ٹریفک جام کرکے احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی، پی پی ایم اے کے مرکزی صدر خواجہ شاہ زیب اکرم کی شملہ پہاڑی احتجاج میں آمد ہوئی ہڑتالیوں کو منانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتال ختم کردیں کیونکہ ترمیمی مسودہ تیار ہوچکا ہے جسے سوموار کو پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا ویسے جو آپ کہیں میں ہر حال میں آپ کے ساتھ ہوں۔ خواجہ شاہ زیب کی اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے چودھری نثار کی جانب سے کہا گیا کہ پہلے ترمیم شدہ مسودہ چیک کرکے متنازعہ شقوں کو باہر نکالیں گے اور پھر مسودہ اسمبلی میں پیش ہونے اور منظور ہونے کے بعد ہم ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کریں گے۔ پنجاب حکومت اور فارما سیکٹر، کیمسٹ ایسوسی ایشن کے مذاکرات کامبا ہو گئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے مطابق کیمسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت ڈرگ ایکٹ کے شیڈول ’’جی‘‘ پر 6 برس بعد عملدرآمد ہو گا۔ تحری معاہدہ کے مطابق جعلی ادویات برآمد ہونے پر سزائوں کی شق پر عملدرآمد نہیں ہو گا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پنجاب بھر کے دیگر اضلاع کی طرح شیخوپورہ میں بھی میڈیکل سٹورز مالکان نے مکمل ہڑتال کی اور میڈیکل سٹورز سارا دن بند رہے ادویات کی وافر فراہمی کا دعویٰ کرنے والی ڈی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ نے اپنا وطیرہ نہ بدلا اور ہڑتال کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے باوجود مریضوں کو ادویات ہسپتال سے دینے کی بجائے نسخے لکھ کر ادویات ڈھونڈنے کیلئے مسلسل خوار ہونے پر مجبور کئے رکھا، دوسری طرف ضلعی انتظامیہ بھی پوری طرح بے بس دکھائی دی نہ تو ہڑتال کرنے والے میڈیکل سٹورز مالکان سے کسی طرح کے مذاکرات کی کوئی کوشش سامنے آئی اور نہ محکمہ صحت کی طرف سے کوئی ہنگامی یونٹ قائم کیا گیا ضرورت اس امر کی تھی کہ محکمہ صحت موبائل یونٹس تشکیل دے کر ایسے مقامات پر بھجواتی جہاں میڈیکل سٹورز زیادہ تعداد میں قائم ہیں۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگارکے مطابقپنجاب کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی کال پر ضلع بھر کے میڈیکل سٹورز مالکان کی دوسرے روز بھی شٹر ڈائون ہڑتال جاری، ادویات کے حصول کے لیے مریض اور لواحقین رل گئے۔ میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کے مالکان نے اپنی دکانوں کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور فیلکسز آویزاں کر رکھے ہیں، ادویات نہ ملنے کے باعث لوگ حکومت کو بد دعائیں دے رہے ہیں، چاچا اسلم، رانا مدثر مقصؤ، ملک کاشف اعوان، سہیل انصاری اور رانا ظفر عباس نے کہا ہے کہ حکمران اور ان کے بیوی بچے تو نزلہ اور زکام کے علاج کے لیے بھی بیرون ملک چلے جاتے ہیں جبکہ غریب لوگ یہاں تڑپ تڑپ کر جان دینے پر مجبور ہیں۔ ضلعی صدر کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ضلع ننکانہ صاحب راناشعیب نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب مطالبات تسلیم نہ کیے اورجب تک اس کالے قانون کو ختم نہیں کیا اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا اور شٹرڈائون ہڑتال کا دائرہ پورے ملک تک وسیع کردیا جائے گا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح قصور سمیت ضلع بھر میں ڈرگ ایکٹ کے خلاف دوسرے روز بھی میڈیکل سٹوروں کی تالہ بند ہڑتال، مریضوں کو ادویات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ۔ تفصیلات کے مطابق قصوردوسرے روز بھی بلھے شاہ ڈرگز اینڈ کیمسٹ ایسوی ایشن قصور میں مکمل ہڑتال کی گئی اور احتجاج بھی کیا۔حافظ آباد سے نامہ نگارکے مطابق حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں دوسرے روز بھی میڈیکل سٹوروں کے مالکان نے شٹرڈائون ہڑتال کی جس کی وجہ سے مریضوںکو ادویات کی خریداری کے سلسلہ میں سخت پریشانی کا سامنا رہا۔ ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے راہنمائوں خالد اختر اوراظہر قیوم چیمہ نے کہا ہے کہ ترمیمی ڈرگٹ ایکٹ 2017میڈیکل سٹورز مالکان پر ایک لٹکتی ہوئی تلوار ہے جب تک یہ ایکٹ واپس نہیں لیا جاتا ہم احتجاج جاری رکھیں گے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی دوسرے روز ہڑتال کی گئی۔ ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے صدر میاں عامر حنیف نے کہا کہ پنجاب ڈرگ ایکٹ میں تجاویز تسلیم نہیں کرتے، پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 جی شیڈول کے تحت بلاوجہ لائسنس ہولڈرز کو سیل کرنا سراسر ظلم ہے جس پر شہر کے تمام میڈیکل سٹوروں، فارمیسیز دوسرے روز بھی بند ہیں، پنجاب ڈرگ ایکٹ کے خلاف ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب بھر میں میڈیکل سٹورز کی ہڑتال کا دوسرا دن زندگی بچانے والی ادویات نہ ملنے پر لواحقین پریشان رہے۔ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس ضلعی صدر میاں عمران منظور کی زیر صدارت منعقدہوا، عہدیداروں سمیت کیمسٹوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب بھر کی طرح ضلع نارووال میں بھی اپنے مطالبات کے حق میں میڈیکل ایسوسی ایشن ،فارما کمپیناں اور دیگر ادویات فروخت کرنے والوں نے گذشتہ دوسرے روز بھی مکمل شٹر ڈائون ہڑتال جاری رکھی۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسو سی ایشن کی اپیل پر ساہیوال میں دوسرے روز بھی ہڑ تال رہی جس کی وجہ سے تمام میڈیکل سٹورز، دکانیں اور بازار بند رہے مریضوں کے ورثاء کو ادویات کی دستیابی کے سلسلہ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گجرات شہر میں تمام میڈیکل سٹور بند ہونے سے ہسپتالوںمیں زیر علاج مریض سخت پریشان رہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر عزیز بھٹی ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں میں مریضوں کو میڈیکل سہولیات میسر نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوائی نہ ملنے سے ہیضہ کا شکار بچی نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔ ماہڑھا شہر سے نامہ نگار کے مطابق موضع بھنڈہ مہربان کے رہائشی غریب کاشتکار رفیق احمد لسکانی کی 6 سالہ بیٹی گزشتہ روز ہیضہ کا شکار ہوئی۔ فوری فرسٹ ایڈ کیلئے نزدیکی اتائیوں کی دکانیں بند تھیں جبکہ میڈیکل سٹوروں مالکان کی ہڑتال تھی چھ سالہ بچی زبیدہ کو والدین دوائی کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے رہے مگر کہیں سے بھی ادویات نہ مل سکیں جس کے باعث چھ سالہ بچی زبیدہ نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔ بچی کے والدین نے اپنی بچی کی موت کا ذمہ دار محکمہ صحت کو قرار دیدیا۔