کشمیریوں کی آواز دنیا کے ہر کونے تک پہنچ رہی ہے: گورنر سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صدر آزاد وجموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر، وزیر اعظم عمران خان کے اقوام متحدہ میں خطاب، سیاسی اور حکومتی امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران گفتگو میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کو اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران اجاگر کرکے کشمیریوں کا سفیر ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔ پاکستانی قیادت کی کوششوں کی وجہ سے آج کشمیریوں کی آواز دنیا کے کونے کونے تک پہنچ رہی ہے۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ بندوق اور گولی کی طاقت سے بھارت کشمیریوں کی آواز کو کسی صورت دبا نہیں سکتا۔ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کا قتل عام کر رہا ہے۔ دنیا کو بھارتی مظالم کا فوری اور سخت نوٹس لینا چاہیے۔