غزہ سرحد پر اسرائیلی فائرنگ سے زخمی 2 فلسطینی شہید‘ تعداد 122 ہوگئی
غزہ (اے این این )فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی شہری شہید ہوگیا جس کے بعد 30 مارچ سے جاری پرتشدد تحریک میں قابض فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 122ہوگئی ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ہسپتال میں زیرعلاج 24 سالہ یاسر سامی حبیب دم توڑ گیا۔ اسرائیلی حکام نے غزہ کی پٹی سے زخمی حالت میں علاج کیلئے غرب اردن کے شہر الخلیل کے ایک ہسپتال میں لائے گئے ایک فلسطینی شہری کی ہسپتال میں شہادت کے بعد اس کا جسدخاکی غزہ واپس بھیجنے سے روک دیا۔ شہید مہند ابو طاحون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابو طاحون کی زندگی بچانے کی کوشش کی اور اسے علاج کے لیے غرب اردن لے جایا گیا مگر صہیونی حکام نے شہید کا جسد خاکی واپس کرنے سے بھی انکار کردیا ہے۔خیال رہے کہ ابو طاحون کو چند ہفتے قبل غزہ کی مشرقی سرحد پر حق واپسی احتجاجی ریلیوں کے دوران اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔اادھر سرائیلی فوج نے جنوبی فلسطین میں قائم جزیرہ نما النقب کی جیل سے رہائی پانے والے ایک فلسطینی نوجوان کو رہائی کے فوری بعد گرفتار کرلیا۔فلسطینی میڈیا رپورٹس اسیران کے اہل خانہ کی ذمہ دار کمیٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ 48 سالہ موسی حمادہ کو النقب جیل سے ساڑھے سات سال کے بعد گذشتہ روز رہا کیا۔ رہائی کے فوری بعد اسے دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حمادہ کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس سے ہے۔انسانی حقوق اور اسیران کمیٹی کے مطابق حمادہ کو گرفتار کرکے المسکوبیہ جیل منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے آئندہ جمعہ تک حراست میں رکھنے اور مزید پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
غزہ