پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کےلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔
آج لاہور سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں اور بڑے شہروں میں عوامی ضرورتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ، پنجاب کا کوئی شہر، قصبہ اور دیہات ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نےکہاکہ جنوبی پنجاب میں زچہ و بچہ، امراض قلب اور جنرل ہسپتال تعمیر کئے جارہے ہیں جبکہ حکومت بہاولپور میں خصوصی اقتصادی زون پر جلد کام شروع کرے گی۔انہوں نےکہا کہ دنیا کوروناوائرس کےخلاف وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا رہی ہے تاہم بدقسمتی سے حزب اختلاف کی جماعتوں نے کورونا وائرس کےقومی چیلنج پر منفی کردار ادا کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی سادگی سے منائیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔