فلاحی مقصد کیلئے موٹر سائیکل پر دنیا کے سفر پر نکلنے والا ملائشیا کا نوجوان فیصل آباد پہنچ گیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فلاحی مقصد کے تحت موٹرسائیکل پر دنیا کے سفر پر ملائیشیا سے نکلنے والا نوجوان لاہور سے فیصل آباد پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق مختلف خیراتی اداروں کو عطیات دینے کی غرض سے ملائیشیا کا 38سالہ موٹر سائیکل سوار عبدالرحمان 13جنوری کو ملائیشیا سے دنیا کے سفر پر روانہ ہوا جو تھائی لینڈ، میانمار اور بھارت سے ہوتے ہوئے واہگہ بارڈر سے پاکستان پہنچا اور گزشتہ شام لاہور سے براستہ شیخوپورہ روڈ فیصل آباد پہنچا۔ گٹ والا ٹول پلازہ پر مقامی تنظیم کورل لائنز کلب کے رہنما اسلم سعید نے ان کا استقبال کیا۔ بائیک رائیڈر عبدالرحمان فیصل آباد میں رات رہا اور مختلف خیراتی اداروں کو فنڈنگ کی۔ جو آج صبح 10بجے چیمبر آف کامرس میں خطاب کے بعد گوجرہ، ملتان اور سکھر سے ہوتے ہوئے بلوچستان پہنچے گا۔ عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ وہ فلاح انسانیت کی غرض سے نکلا ہے۔ اللہ کے گھر کی زیارت اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد اردن جا کر فلسطینی مہاجر کیمپوں کا دورہ کروں گا اور مصر میں سفر ختم کروں گا۔