پنجاب اسمبلی:وزیر اعلیٰ کیخلاف نااہلی ریفرنس پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن کا احتجاج، واک آئوٹ
لاہور (آئی این پی + نوائے وقت نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا وزیر اعلی کی نااہلی کیلئے دائر ریفرنس پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر شدید احتجاج اور ایوان سے واک آئوٹ‘ سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے اپوزیشن کے ایوان میں احتجاج کو ’’شرمناک اور گھٹیا‘‘ قرار دیدیا ’گو نوازگو‘ گو شہباز گو‘‘ رو عمران رو‘ گو عمران گو کے نعروں سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا‘ جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریفرنس کے معاملے پر صرف میرے چیمبر میں بات ہو سکتی ہے ایوان میں اس پر بات کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔ جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے نکتہ اعتراض پر سپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیر اعلی کے خلاف ریفر نس دائر کیا ہمیں بتایا جائے اس کا کیا بنا؟لاہور ہائیکورٹ اپنے ایک فیصلہ میں یہ کہہ چکی ہے کہ شہبا زشر یف صادق اور امین نہیں رہے اس لئے انکو نااہل قرار دیا جائے جس پر سپیکر نے اپوزیشن لیڈر کو مزید بات کرنے سے رو کتے ہوئے کہا کہ آپ اس ایوان میں بات نہیں کر سکتے آپ میرے چیمبر میں آکر بات کر یں جس پر اپوزیشن ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر وزیراعظم نوازشر یف اور وزیراعلی شہبا زشر یف کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کر دی جسکی وجہ سے ایوان گو نوازگو ‘گو شہباز گو ‘‘روعمران رو‘گو عمران گو کے نعروں سے مچھلی منڈی کا منظر پیش کر تا رہا۔ حکومت اور اپوزیشن کے ارکان ایک دوسرے کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کرتے رہے جسکے بعد کورم کی نشاندہی کر کے اپوزیشن نے ایوان سے واک آئوٹ کر دیا لیکن حکومت اس موقع پرکورم پورا کرنے میں کامیاب ہوگئی اور سپیکر نے سر کاری کارروائی کے بعد ایوان میں صحت کے شعبے کی کارکردگی پر بحث شروع کروا دی ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے خود سپیکر کے چیمبر میں اس بات پر اتفاق کیا کہ 2 دن کیلئے ایوان میں صحت پر بحث کروائی جائیگی مگر اب یہ کسی اور معاملے پر احتجاج کر رہے ہیں ان میں کوئی شر م ہے اور نہ ہی حیائ۔ یہ اپنی گھٹیا سیاست اور احتجاج سے اداروںپر دبائو ڈالنے کی کوشش کر تے ہیں مگر انکو ناکامی کے سواکچھ نہیں ملے گا جبکہ قبل ازیں اپوزیشن کی جانب سے ایوان سے واک آئوٹ کے بعد پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر بھی نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعلی شہباز شر یف کے خلاف سپیکر کو ریفر نس جمع کروایا جا چکا ہے مگر سپیکر نے ابھی تک اس پر کوئی موقف نہیں دیا۔ ہم نے سپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہباز شریف کو سمن جاری کریں اور شہباز شریف ایوان میں آکر وضاحت کریں۔
پنجاب اسمبلی