3 روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس آج ایو ان کارکنان میں شروع ہو گی
لاہور (خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام دسویں سالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کا آغاز آج منگل 27 فروری سے ایوانِ کارکنانِ تحریکِ پاکستان‘ شاہراہِ قائداعظمؒ لاہور میں ہو رہا ہے۔ افتتاحی نشست کا آغاز 30:9بجے صبح ہوگا۔ تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کی زیر صدارت قومی یکجہتی کی مظہر یہ کانفرنس جمعرات یکم مارچ تک جاری رہے گی۔ کانفرنس کی تیسری نشست (کشمیر سیشن) سہ پہر اڑھائی بجے منعقد ہوگی جس کی صدارت چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد کریں گے جبکہ مہمان خاص وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان ہوں گے۔ اس کانفرنس میں ملک بھر سے کارکنان تحریک پاکستان، دانشور، ماہرین تعلیم‘ نظریۂ پاکستان فورمز کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین و حضرات پر مشتمل نمائندہ وفود شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا کلیدی موضوع’’خود انحصاری ۔ نشان منزل‘‘ ہے۔ کانفرنس کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔