پاکستان نیوی دشمن کے ہر چیلنج کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے : ریئر ایڈمرل آصف سندیلا
کراچی (نیٹ نیوز) سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل آصف سندیلا نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ روز پاکستان نیوی کی فلیٹ یونٹس کا دورہ کیا۔ یونٹس سے خطاب کے دوران انہوں نے پی این فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نیوی فلیٹ ہر چیلنج کا بھرپور جواب دینے کیلئے بالکل تیار ہے اور جب ضرورت پڑی تو عوام کی توقعات پر پورا اترا جائے گا۔ فلیٹ کمانڈر نے اس بات پر زور دیا پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اگر ملکی سمندری اثاثوں کے خلاف کوئی مہم جوئی کی گئی تو اس کا بہتر اور موثر انداز میں جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے فلیٹ یونٹس پر زور دیا کہ تیاریوں کے اس اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے تاکہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا سکے۔