پنجاب بھرمیں کیمسٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال میڈیکل سٹور بند، مریض خوار ، آپریشن ملتوی
لاہور/ جھنگ/ بھکر/ ٹوبہ ٹیک سنگھ/ ساہیوال/ پاکپتن/ اوکاڑہ/ ننکانہ صاحب/بہاولپور/سرگودھا (صباح نیوز+نامہ نگاران) پنجاب بھر میں ڈرگ ایکٹ 2017 کے خلاف ہڑتال کے باعث میڈیکل سٹورز بند رہے، مریض خوار ہو کر رہ گئے جبکہ لاہور میں میو اور گنگا رام ہسپتالوں کے باہر چند میڈیکلسٹورز کھلے رہے ۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان کیمسٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں ڈرگ ایکٹ 2017 کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کیا جس کے باعث متعدد میڈیکل سٹور بند ہو گئے۔ میڈیکل سٹور مالکان ڈرگ ایکٹ 2017 کیخلاف ہڑتال کی کال پر میڈیکل سٹورز والے دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئے۔ ایک دھڑے نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے باوجود متعدد میڈیکل سٹورز بند رہے ۔ سروسز ہسپتال کے باہر میڈیکل سٹورز بند رہے۔ میو اور گنگارام ہسپتالوں کے باہر چند میڈیکل سٹورز کھلے رہے۔ کیمسٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے پنجاب حکومت ڈرگ ایکٹ 1976 بحال کرے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب ڈرگ ایکٹ کے خلاف کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی کال پر جھنگ میں تمام میڈیکل سٹور بند رہے‘ مریضوں کو ادویات لینے میں دشواری کا سامنارہا۔ سٹورز مالکان کا کہنا تھا کہ کئی بار احتجا ج کیا مگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے ہیں جس پر وہ احتجا جاً میڈیکل سٹورز اور فارمیسی بند کرنے پر مجبور ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ میں کی گئی ترمیم کو مستردکرتے ہیں۔مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھاجائے گا۔ حکومت عوام کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پرکالے قوانین واپس لے۔انہوں نے کہا کہ ادویات نہ ملنے پرعوام کی مشکلات کااندازہ ہے لیکن ہم عوام کے حقوق کی جنگ ہی لڑرہے ہیں۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب بھر کیطرح ضلع بھکر کے تمام میڈیکل سٹور، فارمیسیز، ڈسٹری بیوٹرز، ڈسپنسر ایسوسی ایشن، الائیڈ ہیلتھ سائسنز آرگنائزیشن، فارماسسٹ ایسوسی ایشن اور دیگر سٹیک ہولڈرز غیر معینہ مدت کیلئے مطالبات پورے ہونے تک مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کرینگے ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر ڈسٹرکٹ کیمسٹ ایسوسی ایشن ضلع بھکر فہیم احمد خان نے کیمسٹ ایسوسی ایشن کے آفس میں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ بطور انسان اور مسلمان انہیں مریضوں کو پہنچنے والی تکالیف کا بخوبی علم اور ادارک ہے لیکن افسوس حکومت جس کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عام آدمی کے علاج معالجہ کا خیال رکھیں وہ ہمارے جائز مطالبات ماننے کیلئے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے ورنہ عوام اور بالخصوص مریضوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ہم نے ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ حکومت سے مذاکرات کئے اور اب اپنے معاشی قتل اور حکومتی رویہ سے مایوس ہو کر یہ انتہائی قدم اٹھایا ہے۔ میٹنگ سے دیگر شرکاء کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ضلعی صدر فہیم احمد خان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انکی قیادت میں ضلع بھکر کی تاریخ میں سب سے کامیاب ہڑتال ہوئی اور ہماری یہ کامیاب ہڑتال اسوقت تک جاری رہے گی جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے۔ مشترکہ طور پر 26 اپریل سے شروع ہونے والی غیر معینہ مدت تک ہڑتال کو مطالبات پورے ہونے تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور آج بروز جمعہ ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ڈرگ ایکٹ 2017اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے غیر قانونی نارواسلوک کے خلاف ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز مالکان نے مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی ، میڈیکل سٹورز کی ہڑتال کے باعث مریضوں اور انکے لواحقین کو ادویات کے حصول میں سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،جبکہ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس ضلعی صدر میاں عمران منظور کی زیر صدارت منعقد ہوا ،جس میں ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت کیمسٹوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں عمران منظور نے کہا کہ حکومت پنجاب ایکٹ 2017کو واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے تو آئندہ عام انتخابات میں پنجاب کے لاکھوں کیمسٹ اور ان کے ساتھ وابستہ ان کے خاندان کے لوگ ن لیگ کو ہر گز ووٹ نہیں دیں گے ،اور ن لیگی امیدواروں کی بھر پور مخالفت کی جائے گی۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسو سی ایشن کی اپیل پر ساہیوال میں تمام میڈیکل سٹور ،مارکیٹیں اور بازار بند رہے جس کی وجہ سے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ،گورنمنٹ قیوم ہسپتال،سول ہسپتال ،کمیر ہسپتال،قادر آباد،گیمبر کے ہسپتالوں کے باہر بھی میڈیکل سٹوروں کے مالکان نے شٹر ڈائون ہڑ تال کی ۔احتجاجی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے مقررین اکرام الحق، بشارت شیخ اور مولانا قاسم نے کہا کہ حکومت فوری طور پر 2017 کا تر میمی ایکٹ و اپس لے ورنہ ہڑتال جاری رہے گی۔ ہیلتھ کئیر کمیشن اور محکمہ صحت انتقامی کاروائیاں بند کرے۔ ہڑ تال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا سینکڑوں آپریشن بھی ملتوی کرنا پڑے۔پاکپتن سے نامہ نگار اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پنجاب حکومت کے کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایکٹ میں ترمیمی قوانین کے خلاف پاکپتن بھر میں عہدیداروں کی احتجاجاً شٹر ڈاؤن ہڑتال، مریض ادویات کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ کے ایکٹ میں ترمیم کیے جانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ادویات نہ ملنے پر بہت مشکلات پیش آرہی ہیں، حکومت میڈیکل سٹورز کو فوری طور پر کھلوائے۔کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پریس کلب کے باہر احتجاج ریلی نکالی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ عبدالرحیم گوپی نے کہاہے کہ کالے قوانین کے خاتمہ کے بغیر مسائل کا حل ناممکن ہے،حکومت پنجاب کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے قوانین میں ترمیم کرکے ہمارے بچوں کے منہ سے نوالے چھیننے کی کوشش کررہی ہے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق ضلع بھر میں کیمسٹ ایسوسی ایشن کی شٹر ڈائون ہڑتال پنجاب ڈرگ ایکٹ میں ترمیم تک احتجاج جاری رہے گا راہنمائوں کا اعلان،گمیسٹ ایسوسی ایشن میڈ یکل سٹور بند ہو نے سے مریضوں کو سخت مشکلات کاسامنا،تفصیلات کے مطابق کیمسٹ اینڈڈرگ ایسوسی ایشن کے سینکڑوں میڈیکل سٹور کے مالکان نے پنجاب ڈرگ ایکٹ کو ظالمانہ عمل قرار دیتے ہوئے ضلع بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال کی اوکاڑہ سمیت،دیپالپور،رینالہ خورد اور حجرہ شاہ مقیم میں شٹر ڈائون ہڑتال کی اطلاعات مو صول ہو ئیں،کیمسٹ ایسوسی ایشن نے ڈرگ ایکٹ کو ظالمانہ عمل قرار دیتے ہوئے اس میں فوری ترمیم کا مطالبہ کیاہے کیمسٹ ایشن کے عہداروں کاکہنا تھاکہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہڑتال جاری رہے گی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی کال پر ضلع بھر کے میڈیکل سٹورز کی شٹر ڈائون ہڑتال۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں حکومت پنجاب کے ڈرگ ایکٹ2017کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال جاری ہے، میڈکل سٹور مالکان نے اپنی دوکانوں کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور فیلکسز آویزاں کر رکھے ہیں ، ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کر پڑا اور لوگ سارا دن ادویات کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے رہے ضلعی صدر کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ضلع ننکانہ صاحب راناشعیب احمد نے کہا ہے کہ ڈرگ قوانین میں ترامیم کر کے ہمارا معاشی قتل کیا جارہا ہے‘ ہمارے بچوں کی روزی چھیننے کی کوشش کی ہے انہوں نے کہا کہ اس کالے قانون کے خاتمہ کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب مطالبات تسلیم نہ کیے اورجب تک اس کالے قانون کو ختم نہیں کیا اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا اور شٹرڈدائون ہڑتال کا دائرہ پورے ملک تک وسیع کردیا جائیگا۔ بہاول پور سے نامہ نگار کے مطابق بہاول پور میں بھی میڈیکل سٹور والوں نے اپنے مطالبات کے حق میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی اور تمام میڈیکل سٹور بند رہے کیمسٹ ایسوسی ایشن بہاول پور کے عہدیداروں کے مطابق 2017کا ترمیمی ایکٹ منسوخ کیا جائے ہمیں منظور نہیں ہے اور اس سلسلے میں حکومت کئی دفعہ ہم سے وعدے بھی کر چکی ہے لیکن وعدہ پورا نہیں کیاجس پر مجبوراً ہمیں ہڑتال کرنی پڑی ہڑتال کی وجہ سے مریض اور ان کے لواحقین ادویات کے حصول کے لئے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی کال پر سرگودھا اور گردونواح میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال، تمام میڈیکل سٹور بند رہے اور کہا گیا کہ حکومت ہمارے مطالبات تسلیم کرے، سرگودھا‘شاہپور، جھاوریاں، ساہیوال،کوٹ مومن، بھلوال اور دیگر نے اپنے اپنے اجلاس میں مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھر پور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور متفقہ طور پر قرار داد منظور کی کہ حکومت ہمارے مطالبات منظور کرے ورنہ دما دم مست قلندر ہو گا اور اپنے آئندہ لائحہ عمل کے لئے پنجاب کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ کی کال پر لیبک کہیں گے۔