ایرا ن پر امریکی پابندیاں: خام تیل کی قیمت بلند ترین سطح پر آ گئی
واشنگٹن (بی بی سی ڈاٹ کام) ایران پر امریکی پابندیوں اور دنیا میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور روس کی جانب سے تیل کی پیداوار بڑھانے میں عدم دلچسپی کے باعث خام تیل کی قیمت چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز 1121 جی ایم ٹی پر برینٹ کروڈ کی قیمت 61 سینٹ اضافے کے بعد 81.81 ڈالر فی بیرل سے 82.20 ڈالر تک پہنچ گئی جو کہ نومبر 2014 کے بعد سب سے زیادہ قیمت ہے۔ تیل کی قیمتوں میں لگاتار پانچویں بار اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل ایسا 2007 میں ہوا تھا جب فی بیرل قیمت 147.50 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی تھی۔ یو ایس کروڈ کی قیمت 30 سینٹ اضافے کے بعد 72.38 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو کہ وسط جولائی کے بعد سے اس کی بلند ترین قیمت کے قریب ہے۔ امریکہ 4نومبر سے پابندیوں کے ساتھ ایران کی تیل کی برآمدات کو نشانہ بنانے جا رہا ہے۔ واشنگٹن دنیا بھر میں حکومتوں اور کمپنیوں پر دبائو بڑھائے گا کہ وہ ایران سے تیل نہ خریدیں۔