گرین ٹائون : تھانے میں پولیس تشدد سے ایک شخص ہلاک‘ ورثا کا احتجاج
لاہور (نامہ نگار) تھانہ گرین ٹائون میں پولیس کے بیہمانہ تشدد سے 40 سالہ شخص ہلاک ہوگیا ہے۔ واقعہ پر ورثاء اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا ہے اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق گرین ٹائون کے علاقہ بھٹہ روڈ نزد برف والا کارخانہ کے رہائشی 40 سالہ اکبر کو تھانہ گرین ٹائون پولیس نے 5 روز قبل منشیات فروشی کے الزام میں گھر سے اٹھایا اور اسے تھانے لے جا کر بیہمانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ ورثاء کے مطابق پولیس نے بغیر مقدمہ درج کئے اسے تھانہ میں پانچ روز رکھا اور ہم سے رشوت مانگتے رہے۔ رشوت نہ دینے پر پولیس نے اکبر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس سے اکبر دم توڑ گیا۔ گزشتہ روز اکبر کی ہلاکت کی خبر ملتے ہی ورثاء اور اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔ پولیس نے انہیں بتایا کہ اکبر طبعیت خراب ہونے پر طبی موت مرا ہے۔ مگر اکبر کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات تھے۔ جس پر ورثاء اور اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی اور ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور ورثاء کو انصاف کی یقین دہانی کرائی۔ متوفی اکبر غیر شادی شدہ تھا۔