افغان امن کانفرنس آج ازبکستان میں شروع ہو گی، خواجہ آصف پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے
اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں افغانستان پر ہونے والی امن کانفرنس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کرینگے جس میں امریکہ سمیت خطے کے ممالک کے وفود شرکت کرینگے ۔26اور 27مارچ کو ہونے والی دو روزہ کانفرنس سے پہلے تیاریوں کیلئے اعلیٰ حکام اجلاس میں پاکستانی عہدیدار کے ایک وفد نے شرکت کی تھی جس میں وزارت خارجہ میں افغان ڈیسک کے ڈائریکٹر جنرل منصور خان بھی شامل تھے ۔وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے ’’این این آئی ’’کوبتایا کہ افغانستان میں امن مذاکرات ٗدہشتگردی اور منشیات کے خلاف تعاون کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ کانفرنس کو امن کوششوں کیلئے استعمال کیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کانفرنس میں ایک دوسرے سے تعاون اور الزامات سے دور رہنے پر زور دے گا ۔ازبکستان میں ہونے والی کانفرنس کا مقصد امریکہ اور روس کو خوش کر نا ہے کیونکہ دونوں ممالک اس وقت افغانستان کے مسئلے پر اختلافات کا شکار ہیں ۔امریکہ اور افغانستان کا خیال ہے کہ تاشقند کانفرنس کابل پراسسز کا تسلسل ہے جبکہ روس اس کانفرنس کو افغانستان میں اپنے اثرات کیلئے استعمال کر نا چاہتا ہے ۔طالبان کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے اور طالبان کا کہنا ہے کہ ان کی شمولیت کے بغیر کوئی کانفرنس نتائج نہیں دے سکتی ۔ازبک وزارت خارجہ کے مطابق کانفرنس کے شرکاء افغان حکومت اورطالبان کے درمیان براہ راست اور غیر مشروط مذاکرات پر زور دینگے۔