کولمبو ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ ناکام‘ 138 پر آئوٹ‘ سری لنکا کے ایک وکٹ پر 70 رنز
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) سری لنکن نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 138 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے ایک وکٹ پر 70 رنز بنا لیے ہیں۔کولمبو میں مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد حفیظ 42 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ اظہر علی نے 26 رنز بنائے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 138 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ سات بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے تھریندو کوشال نے 42 رنز دے کر 5 جبکہ دھمیکا پراساد نے 43 رنز دے کر تین اور دشمانتھا چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکن اوپنرز نے 47 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، جنید خان نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے دمتھ کرونارتنے کو سرفراز کی مدد سے قابو کیا۔ کمار سنگاکارا نے کشال سلوا کے ساتھ مل کر اختتام تک مزید کوئی اور نقصان نہ ہونے دیا۔پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے ایک وکٹ پر 70 رنز بنا لیے تھے‘ پاکستان کا سکور برابر کرنے کے لیے صرف 68 رنز درکار ہیں۔