عزیز آباد میں پینے کے پانی کی شدید قلت‘ اہل علاقہ سراپا احتجاج
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) وارڈ نمبر 4 عزیز آباد‘ مغل آباد کے علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت کے باعث اہل علاقہ اس گرمی میں سراپا احتجاج بن گئے۔ عزیز آباد کے عوام نے سٹیشن کمانڈر کینٹ بورڈ راولپنڈی اور ممبر بورڈ رشید خان سے اپیل کی ہے کہ پانی کے مسئلہ کو جلد حل کروائیں۔ اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وال مین بادشاہ بنے ہوئے ہیں جہاں دل کرتا ہے وہاں لمبے ٹائم کے لئے وال کھول دیتے ہیں اور جہاں دل کرتا ہے پانی کی سپلائی کے لئے وال بالکل نہیں کھولتے۔ ان سے پوچھا جائے تو جواب دیتے ہیں پانی کی قلت ہے‘ پہلے 24 گھنٹے بعد ایک گھنٹہ پانی کی سپلائی دی جاتی تھی اب 72 گھنٹے بعد بھی 15 منٹ پانی نہیں ملتا۔ اس کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈ کے عملے کی طرف سے واٹر سپلائی کے بل مہیا نہیں کئے جاتے جس وجہ سے بل نہ جمع ہونے پر عملہ کنکشن کاٹ جاتا ہے جو زیادتی کی انتہا ہے اور کنکشن اس طرح کاٹے جاتے ہیں کہ گندی نالیوں کا پانی سپلائی لائن میں داخل ہو جاتا ہے اور لوگوں کے گھروں میں جانے والا تھوڑا سا پانی بھی گندا ہوتا ہے۔ جس سے علاقے میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ اہل علاقہ نے کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے اعلی حکام اور ممبر بورڈ رشید خان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورت حال کا نوٹس لیں اور ان مسائل کو جلد از جلد حل کروائیں۔