قوم چور‘ لٹیروں اور بار بار پارٹیاں بدلنے والوں سے تنگ آ چکی: ڈاکٹر جاوید
ملتان (سپیشل رپورٹر)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے سیکر ٹری جنرل ڈاکٹر جاوید احمد کی صدارت میں ایم ایم اے ضلع ملتان کی مشاورتی کونسل کا اجلاس ’’ دارالسلام ‘‘دفتر جماعت اسلامی میں منعقد ہوا جس میں جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر چودھری عزیر لطیف، جے یو پی کے مرکزی نائب صدر صاحبزادہ قاری احمد میاں، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر میاں منیر احمد بودلہ، امیر سٹی ڈسٹرکٹ ملتان میاں آصف محمود اخوانی ، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکزی رہنما علامہ خالد محمود ندیم، علامہ عبدالرحیم گجر، قاری سیف اللہ، جے یو آئی کے رہنما نو ر خان ہانس ، ڈاکٹر محمد عارف، جے یو پی کے رہنما ڈاکٹر اشرف علی، تحریک اسلامی کے رہنما بشارت عباس قریشی ، ناصر رضا چاون، جے یو پی کے رہنما پروفیسر اختر انصاری، سجاد علی حامدی، اطہر عزیز ایڈووکیٹ، علامہ عبدالوحید اختر، مولانا کاشف ظہور نقوی، محمد سعید اور کنور محمد سعید سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر جاوید اختر نے ایم ایم اے کی ضلعی انتخابات کے حوالے سے قواعد و ضوابط بیان کئے اور ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر اندر اتفاق رائے سے ضلعی عہدیداروں کا انتخاب کرکے صوبائی انتخابی کمیٹی کو مطلع کریں ۔ مشاورتی کونسل میں ضلعی امیر وسیکر ٹری جنرل کے علاوہ ہر جماعت کے مزید دو ممبران شامل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل ایم ایم اے کا ہے قوم چور ، لٹیروں اور مفادات کی خاطر بار بار پارٹیاں بدلنے والوں سے تنگ آ چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کے با برکت اتحاد ایم ایم اے کی قیادت ہی ملک کو درپیش مسائل و مشکلات اور چیلنجز سے نکال سکتی ہے ۔ ایم ایم اے ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا ہے اسلام پر ہی قائم رہ سکتا ہے ۔ جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما چودھری عزیر لطیف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں پاکستان کے عوام متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں گے۔ اجلاس کا اختتام صاحبزادہ قاری احمد کی دُعا پر ہوا۔