پی ایس او ، پورٹ قاسم اتھارٹی کو ایندھن فراہم کرے گی
کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) نے فیول کی فراہمی کے لیے ایک اہم معاہدے کے ذریعے پورٹ قاسم اتھارٹی کے ساتھ اپنے کاروباری روابط مزید مستحکم کرلیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت پی ایس او اگلے تین سال کے دوران ’ایکشن پلس ڈیزل ( ایچ ایس ڈی) اور آلٹران پریمیئم (پی ایم جی) کی فراہمی کے ذریعے پورٹ قاسم اتھارٹی کی فیول کی تمام ضروریات پوری کرے گی۔ چوبیس گھنٹے فعال رہنے والا پورٹ قاسم اتھارٹی پاکستان کا دوسرا مصروف ترین پورٹ ہے جو ملک کی کل سمندری تجارتی ضروریات کا چالیس فیصدمہیا کرتا ہے ۔ ڈپٹی جنرل منیجر انڈسٹریل کنزیومر پی ایس او ، محمد کاشف صدیقی اور سیکریٹری پورٹ قاسم اتھارٹی سراج الدین چانڈیو نے معاہدے پر دستخط کیے۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او جہانگیر علی شاہ، سینئر جنرل منیجر پی ایس او شہریار عمر، جنرل منیجر پی ایس او قاسم ظہیر ، ڈائریکٹر جنرل پورٹ قاسم اتھارٹی علیم شیخ، ڈائریکٹر اسٹور پورٹ قاسم اتھارٹی کرنل (ر) تنویر الدین فاروقی اور دونوں اداروں کے دیگر اعلیٰ عہدیداران نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔