خواتین کی عید تیاریاں مکمل‘ مہنگائی پر حکومت کو کوستی رہیں
لاہور (لیڈی رپورٹر) آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی کے باوجود خواتین عیدالاضحی کی خوشیوں میں رنگ بھرنے کیلئے رات گئے تک مصروف عمل رہیں ۔گزشتہ روزسارادن گھرکے تمام افراد کیلئے عیدشاپنگ پہناووں،چوڑیوں،میچنگ جیولری ، بیگز، شوز ودیگرلوازمات کے اہتمام کے علاوہ قربانی کے گوشت کی تقسیم ، عیدپکوانوںکی تیاری، مہمانوں کی خاطرمدارات کیلئے تیاریاںکرتی رہیں جبکہ خواتین کی بڑی تعداد شہربھرکے چھوٹے بڑے پارلروںمیں بھی دکھائی دیتی رہیں۔ پکوانوںکی تیاری کیلئے خشک مصالحہ جات کے علاوہ ادرک ٹماٹر لہسن پیاز خریدتی اور ہوشربامہنگائی پر حکمرانوں کوکوستی رہیں ۔دوسری جانب بچے بھی قربانی کے جانوروںکے ہمراہ خاصے پرجوش دکھائی دیتے رہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگومیں انارکلی میں شاپنگ کیئے آنےوالی فوزیہ اور سعدیہ نے کہاکہ بچوںکومہنگائی کے بارے میں کچھ بھی سمجھانامشکل ہے ، باقی اسلامی ملکوں میں عید پر چیزوںکے نرخ کم ہوجاتے ہیںمگرہمارے ہاںہرچیزکی قیمت کوآگ لگ جاتی ہے۔