وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے سوا ملک کے کسی حصے میں عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ اسلام آباد کی جانب 'فتنہ و فساد مارچ' کی کوئی سرگرمی نہیں ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج کا جو فتنہ و فساد مارچ عمران خان نے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اس میں انہوں نے فتنہ مارچ میں 20 لاکھ لوگوں کے عوامی سیلاب کی شرکت کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ 20 سے 30 لاکھ لوگوں کے درمیان تعداد پر مشتمل عوامی سیلاب اسلام آباد کی جانب بڑھے گا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک مقام پر بتی چوک پر 200 سے 250 لوگوں پر مشتمل عوامی سیلاب بر آمد ہوا اور دو ڈھائی گھنٹے کی پولیس کے ساتھ آنکھ مچولی کے بعد واپس چلا گیا اور ان کے رہنماؤں نے خود ساختہ کوریج کرائی کہ ہمیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا پنجاب کے باقی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال اس وقت مکمل طور پر قابو میں ہے اور میں عوام کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس مارچ کو ناکام بنایا۔