فاٹا کا خیبر پی کے میں انضمام تاریخی اقدام ہے: سیاسی رہنما
ملتان (سپیشل رپورٹر) فاٹا کے صوبہ خیبر پی کے میں انضمام کے فیصلے کو مختلف سیاسی رہنمائوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ سیاسی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت کا یہ فیصلہ تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی رہنمائوں نے فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں ضم ہونے پر نمائندہ نوائے وقت سے اپن گفتگو میں کیا۔ مسلم لیگ کے رہنما سید یزدانی گیلانی نے کہا کہ حکومت نے جو فیصلہ آج کیا ہے وہ بہت پہلے ہی ہو جانا چاہئے تھا۔ یہ اقدام قبائلی عوام کے دل کی آواز ہے۔ اس فیصلے کے دوررس نتائج برآمد ہونگے۔ ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شیخ اطہر ممتاز نے کہا کہ حکومت کا حالیہ اقدام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ یہ قدم ثابت کرتا ہے کہ میاں نواز شریف سے بڑھ کر اور کوئی محب وطن نہیں ہے۔ معروف مزدور لیڈر ممتاز علی خان نے کہا کہ حکومت نے 5 سال میں شاید پہلا اچھا کام بلاآخر کر ہی دیا ہے۔ پارلیمنٹ کا پہلی مرتبہ ایک شاندار فیصلہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سے فاٹا کے عوام کو ان کے جائز حقوق مل سکیں گے۔ پاکستان کی حکومت کو براہ راست عملداری میں آنے کے بعد فاٹا قبائل اب قابل فخر پاکستانی بھی کہلائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حاجی ارشد بوٹا نے کہا کہ فاٹا کے پی کے میں انضمام مسلم لیگ ن حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے، چیئرمین یو سی محمود قریشی نے کہا کہ فاٹا انضمام سے ہر پاکستانی خوش ہوا ہے انہیں قیام پاکستان کے بعد آج شناخت مل گئی ہے۔ رہنما مسلم لیگ ن مسعود قریشی نے کہا کہ فاٹا انضمام کا فیصلہ بہت پہلے کر دینا چاہئے تھا تاہم دیر آید درست آید ہے۔ پج وہاں کے عوام جھوم اٹھے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ ن چودھری طاہر دین نے کہا کہ حکومت نے یہ اقدام اٹھا کر 20 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ رہنما مسلم لیگ ن شاہد مختار لودھی نے کہا کہ آج پاکستان مکمل ہو گیا ہے انشاء اللہ اب کے پی کے سے بھی مسلم لیگ ن اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔