سیالکوٹ:غیر قانونی یادگار کی تعمیر‘ شہریوں نے قادیانیوں کی عبادت گاہ مسمار کر دی
سیالکوٹ (نامہ نگار)شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کی رہائش گاہ اقبال منزل کے عقب میں قادیانیوں کی طرف سے غیر قانونی طور پر یادگار تعمیر کرنے پر شہریوں نے احمدیوں کی عبادت گاہ کو مسمار کر دیا۔ پولیس کی بھاری نفری سیکورٹی کیلئے علاقہ میں تعینات کردی گئی ۔تھانہ نیکاپورہ پولیس نے بغیر اجازت اور کارپوریشن سے نقشہ منظور کروائے بغیر قادیانی مرزا غلام احمد کی یادگار تعمیر کرنے پر دو افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔کشمیری محلہ کی حصام الدین گلی میں قادیانی مرزا غلام احمد کی یاد میں یادگار قادیانی تعمیر کررہے تھے اس عمارت کو ختم نبوت یوتھ فورس پاکستان کے مرکزی امیر محبوب گیلانی کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید کے حکم پر انتظامیہ نے کارروائی کرکے سیل کردیا تھا لیکن سیل شدہ عمارت کو قادیانیوں کی طرف سے توڑنے کی کوشش کی گئی تو شہریوں نے حصام الدین گلی میں اسے مسمار کردیا۔ تھانہ نیکاپورہ پولیس نے میونسپل کارپوریشن کے انسپکٹر ذکااللہ کی درخواست پر دوقادیانیوں ممتاز بٹ اور عبدالستار کے خلاف غیر قانونی طریقے سے بغیر نقشہ منظورکروائے قادیانی مرزا غلام احمد کی یادگار تعمیر کروانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری علاقہ میں تعینات ہے۔