ملک بھر کے 97اضلاع میں آج انسداد پولیو مہم شروع ہوگی، سکیورٹی کے سخت انتظامات
اسلام آباد+بنوں(آن لائن) پاکستان پولیو پروگرام کے مطابق آج سوموار کو ملک کے 97 اضلاع میں 2 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پولیو پروگرام کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے ۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے 97 اضلاع میں آج پیر سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا اور اس مہم کے تحت 2 کروڑ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ جس کے لئے ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ پولیو ورکرز خدمات انجام دیں گے ۔خیبر پی کے کے 25 اضلاع میں 55 لاکھ سے زائد ، سندھ کے 20 اضلاع میں 60 لاکھ سے زائد ، پنجاب کے 12 اضلاع میں 65 لاکھ سے زائد ، بلو چستان میں 11 لاکھ سے زائد اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ رواں ماہ خیبر پی کے اور کراچی سے 2 پولیو کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔ سات قبائلی اضلاع اور چھ ایف آرز کی خاصہ دار فورس اور لیویز فورس نے گورنر آرڈیننس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے آج سے شروع ہونے والے پولیو مہم میں ڈیوٹی دینے اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ آل فاٹا کے چیئرمین میجر سید جلال نے کہا کہ سب سے پہلے خاصہ دار اور لیویز فورس کی ملازمتوں کو مستقل اور پولیس کے برابر مراعات دی جائے اور بلوچستان کی طرح لیویز اور خاصہ دار فورس کو کمشنر کے ماتحت کیا جائے۔ کسی قسم کا ظالمانہ فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔