ووٹ کو مقدس امانت سمجھتے ہوئے اس کا درست استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) حکیم سروسہارنپوری فاؤنڈیشن کے صدر حکیم سید محمد سہارنپوری نے الیکشن کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ووٹ کو مقدس امانت سمجھتے ہوئے اس کا درست استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکیم سید محمد سہارنپوری نے مزید کہا کہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن اور سیکیورٹی اداروں کو ملکر صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد کروانے میں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقہ سے سرانجام دینا چاہئے اور بالخصوص پاکستان دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ ہمارا دشمن ہمارے اداروں کو نقصان پہنچا کر ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے۔ حکیم سید محمد سہارنپوری نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ملک کے مفاد میں بہترین فیصلہ کریں تاکہ ہمارے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور ملک کو ترقی و استحکام نصیب ہو۔ پاسبان وطن کے صدر چودھری خورشید انور نے کہا کہ شفاف الیکشن سے ہمارے ملک کا مستقبل بدل سکتا ہے۔