اسٹاک مارکیٹ میں مندی 65فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روزپیر کو کاروبارحصص میں اتار چڑھائو کے بعد مندی رہی،کے ایس ای100انڈیکس 45ہزارپوائنٹس کی نفسیاتی حد کو چھونے کے بعد 44900پوائنٹس کی سطح پر آگیا ، مندی کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے23ارب روپے سے زائد ڈو ب گئے جبکہ 65.84فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔تفصیلات کے مطابق نئی مانیٹری پالیسی کے انتظار ، جاری کھاتہ خسارہ 9ارب ڈالر سے تجاوز کرجانے اورآئی ایم ایف معاہدے جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو اتاچڑھائو کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے ۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ خام تیل سمیت دیگر کموڈٹیز کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں سے افراط زر اور تجارتی خسارہ بڑھنے سے مارکیٹ کی سرگرمیاں متاثر ہیں یہی وجہ ہے کہ کاروباری دورانیئے میں ایک موقع پر 27 پوائنٹس کی تیزی کے بعد حصص کی آف لوڈنگ بڑھنے سے 221 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی۔ تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری سرگرمیوں کے باعث مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 94.37پوائنٹس کم ہو کر 44923.91پوائنٹس پرآ گیا۔مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ23ارب11 کروڑ 99لاکھ 86ہزار 453 روپے گھٹ کر 77 کھرب 9 ارب 36 کروڑ 97لاکھ11ہزار806روپے ر ہ گیا ۔