مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف ایکشن لیں گے: فیصل جاوید
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے میں وقت لگے گا‘ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے بھی کہا تھا کہ پوری دنیا میں کرپشن ہے مگر برصغیر میں کچھ زیادہ ہی ہے‘ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں آٹے کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن بڑھنے کا تاثر درست نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں کرپشن کم ہوئی ہے۔ لوگوں کو کرپشن کا علم نہ تھا اب پتہ چلا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ راتوں رات تیس سال کی کرپشن ختم نہیں کی جاسکتی۔ اس کے لئے وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے بھیث 1947ء کے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پوری دنیا میں کرپشن ہے مگر برصغیر میں کچھ زیادہ ہی ہے۔ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے ہم سب نے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے آٹھ لاکھ سے زائد لوگوں کو نکالاگیا ہے جو غریب لوگوں کے وظیفے لے رہے تھے۔