ہاکس بے جرنلسٹس سوسائٹی میں مکانوں کی تعمیرات کا آغاز
کراچی (نیوز رپورٹر) جرنلسٹس سوسائٹی ہاکس بے میں تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ ہفتہ کو کراچی پریس کلب کے دو معروف صحافی اراکین شاہد اقبال اور احمدحسن نے اپنے پلاٹوں پر تعمیرات کا سنگ بنیاد رکھا۔ کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک خان نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں دونوں صحافیوں کے پلاٹوں پر تعمیراتی کاموں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر اراکین پریس کلب کی بڑی تعداد موجود تھی۔کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک کا کہنا ہے کہ آج کراچی کے صحافیوں کے لئے انتہائی اہم دن ہے کہ 22برس کے طویل انتظار کے بعد جرنلسٹ سوسائٹی آباد ہونا شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جرنلسٹ سوسائٹی کے بلاک ٹو میں جھاڑیوں کا صفایا اور زمین ہموار کرنے کا کام بھی منگل سے لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی شروع کردے گی۔ احمدملک نے بتایا کہ جلد ہی ایک قومی بنک کے تعاون سے بلاک ٹو میں شاندار پارک کی تعمیر شروع ہوجائے گی جبکہ ایک مخیر خاتون نے جامع مسجدکی تعمیر کی بھی پیشکش کر رکھی ہے۔