پنجاب اسمبلی: پرائیویٹ سکولز کی فیسیں: عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پرائیویٹ سکولوں کی طرف سے زائد فیسیں وصول کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر اپوزیشن کا احتجاج، وزیر تعلیم زائد فیسیں وصول کرنے والے نجی سکولوں کیخلاف کارروائی کی تفصیل بتانے سے گریزاں، مراد راس نے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی کا اعتراف کرلیا، پی اے سی تھری کا بل اچانک اسمبلی میں پاس، اپوزیشن کی ایوان میں ہنگامہ آرائی، سمیع اللہ نے کہا پی اے سی ون کی تشکیل کے بغیر تمام کمیٹیوں کا قیام وقت کا ضیاع ہے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی ز یر صدارت دو گھنٹے پانچ منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ سکولز ایجوکیشن سے متعلق سوالوں کے جواب وزیر تعلیم مراد راس نے دیے۔ وزیر تعلیم مراد راس تمام سوالوں کے جواب پر محرکین کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے، مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ نے ضمنی سوال کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ نے پانچ ہزار یا اس سے زائد فیسیں وصول کرنے والے سکولوں کو فیس کم کرنے کا حکم دیا۔ حکومت بتائے کہ اب تک کتنے سکولوں نے فیسیں کم کی اور کتنے نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے ملک احمد خان، سمیع اللہ خان، ندیم کامران اور رانا مشہودنے بھی وزیر تعلیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیر تعلیم نے کہا ہم پہلے سکولوں کے حالات بہتر کررہے ہیں۔ ایک موقع پر وزیر تعلیم مراد راس کو سیکر ٹری تعلیم ایجوکیشن کی جانب سے بار بار پرچیاں بھیجی جارہی تھیں تو وزیر تعلیم نے جھنجلاہٹ میں کہا کہ مجھے پرچی نہیں چاہئے، اس پر سپیکر چوہدری پرویز الہی نے کہا پرچی لے لیں یہ پرچی کام کی بھی ہو سکتی ہے، لیگی رکن سمیع اللہ نے کہا یہ نہ ہو کہ پرچی نہ پکڑنے کی وجہ سے جرمنی اور جاپان کی سرحد ایک ہو جائے، اس پر ایوان قہقوں سے گونج اٹھا۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے ایک تحریک پیش کرکے پبلک اکائو نٹ کمیٹی نمبر تھری کا بل اچانک ایوان میں پیش کردیا جس کو کثرت رائے سے حکومت نے منظور کرلیا اور اپوزیشن شور مچاتی رہ گئی۔ راجہ بشارت نے کہا کہ گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار بھی ہم نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو دیا ہے، ہم سٹینڈنگ کمیٹیوں کو پاور فل کررہے ہیں۔ سابق سپیکر رانا اقبال نے سپیکر چوہدری پرویز الہی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا مجھے آپ پر بھی افسوس ہے کہ آپ نے جیسے ہی بل دیکھا سپیڈ شروع کردی آپ نے ہماری بات سننا گوارہ نہیں کیا اور بل پاس کردیا ہے، اپوزیشن کا بھی احترام کرنا چاہیے۔ ہنگامہ آرائی کے دوران ہی سپیکر نے اجلاس آج صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کی چیئرپرسن سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیا تعلیمی سال شروع ہوئے ایک ماہ نہیں ہوا، سکولوں کے گوداموں سے ہزاروں درسی کتابیں غائب ہوگئیں۔ لاہور کے اکثر سکولوں میں جماعت اول سے ساتویں تک کی کتابیں موجود نہیں۔ مسلم لیگ ن کی ایم پی اے عظمیٰ زاہد بخاری نے سرگودھا میں دس سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کیخلاف اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرادیا۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پولیو ٹیموں پر حملے کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔