لاہور پولیس کامنشیات کادھندہ کرنیوالے عناصرکیخلاف کریک ڈائون جاری
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر لاہور پولیس کا منشیات کا دھندہ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔شہر میں منشیات کی سپلائی اور فروخت میں ملوث متعدد بین الاقوامی اور بین الصوبائی منشیات فروشوں کو گرفتارکیا گیا۔رواں سال تھانہ نشتر کالونی پولیس نے چوکواڈرالینٹن نامی غیر ملکی منشات فروش کو گرفتار کرکے 3کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی۔اسی طرح کاہنہ کے علاقہ سے اوکیلے مکوا نامی غیر ملکی منشیات فروش کو حراست میں لے کر 2کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔تھانہ رائیونڈ پولیس نے نائجیرین منشیات فروش جیکوکی کو گرفتار کر کے 3کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی۔رواں سال ابتک مجموعی طور پر 1966منشیات فروشوں کو گرفتارکر کے 1947مقدمات درج کئے گئے۔منشیات فروشوں کے قبضہ سے مجموعی طور پر23کلو گرام ہیروئن،798کلو گرام چرس ،73کلو گرام افیون،87کلو گرام بھنگ ، ساڑھے 4کلو آئس،1600نشہ آور گولیاں اور 20ہزار لیٹر شراب برآمدکی گئی۔منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی مہم میں رواں سال 319بڑے اور بدنامِ زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 305مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان کے قبضہ سے 429کلو گرام سے زائد چرس، 6کلو سے زائد ہیروئن ، ساڑھے 4کلو سے زائد افیون، 3کلو 190گرام آئس اور 1ہزار سے زائد نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔