پاکستان نے ہزاروں جانیں قربان کرکے اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا: وزیر دفاع خرم دستگیر خان
دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے فوجیوں اور شہریوں کے خون کی قیمت ادا کرکے اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بات بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے پندرہویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک سو بیس ارب ڈالرز کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے جامع قومی لائحہ عمل وضع کیا۔خرم دستگیر نے افغانستان میں داعش کی موجودگی سمیت وہاں مسلسل شورش کو اس کے ہمسایہ ملکوں اور پورے خطے کی سلامتی کے لئے خطرے کا باعث قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ خطے کوپرتشدد انتہا پسندی' غربت' مختلف ملکوں کے درمیان آبی انتظام' منشیات اور انسانی سمگلنگ' پناہ گزینوں اور سرحدی انتظامات سمیت سنگین مسائل کا سامنا ہے۔وفاقی وزیر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان دوطرفہ تنازعات کااعتراف کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے باعث ہمارے مشترکہ معاملات میں ہرگز رکاوٹ پیدا نہیں ہونی چاہیے۔وزیر دفاع نے ایک اعلامیئے پر بھی دستخط کئے جس میں خطے کو امن و استحکام' ترقی اور خوشحالی پر گامزن کرنے کے جذبے کا اظہار کیا گیاہے۔