پی ایس ایل: ویون رچرڈز اہل خانہ سمیت کراچی پہنچ گئے
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر اور پاکستان سپرلیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے منسلک ویون رچرڈز اہل خانہ سمیت کراچی پہنچ گئے۔ ائرپورٹ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ویون رچرڈز کا کہنا تھا کہ 'آخری مرتبہ جب میں یہاں آیا تو بہت اچھا وقت گزرا تھا میرے خیال میں وہ سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ کا میچ تھا اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے میری بہترین یادیں وابستہ ہیں'۔شام کو سابق ویسٹ انڈین کپتان نے ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان اکیڈمی کا دورہ کیا اس موقع پرڈی ایچ اے کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر شاہد حسن علی نے ان کو کلب میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بتایا ۔رچرڈ نے کرکٹ کی پروموشن میں معین خان کے کردار کو سراہا۔یاد رہے کہ ویون رچرڈز آخری مرتبہ 1987 میں کراچی آئے تھے۔ویون رچرڈز کا کہنا تھا کہ 'کراچی میں دوبارہ آکربہت اچھا لگ رہا ہے، جس طرح سے پیار و محبت دی گئی ہے اسی لیے میں یہاں پر ہوں'۔پی ایس ایل کے رواں سال کے ان میچز کے بعد مستقبل میں زیادہ میچوں کی امید ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ'میرے خیال میں پی ایس ایل بہت بہتر ہورہی ہے، اس مرتبہ دو میچ لاہور اور ایک میچ کراچی میں ہورہا ہے جو پی ایس ایل کے لیے نیک شگون ہے'۔ پشاور زلمی کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست پرتبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آگے بڑھنے کے لیے کچھ مثبت کرسکتی ہے تاہم 'ہر شکست سے دل دکھتا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ان شکستوں سے مثبت پہلونکال سکیں گے اور اگلے مرتبہ ان غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔ویون رچرڈز نے ویسٹ انڈین ٹیم کے دورے کے حوالے سے کہا کہ یہ دورہ بہت دلچسپ ہوگا کیونکہ دورے میں 'ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے موجودہ چمپیئنز اور سابق چمپیئنز کے درمیان مقابلہ ہوگا اور ایک اچھی سیریز ہونے جارہی ہے'۔پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'میرا ہمیشہ سے ماننا ہے کہ پاکستان میں خداداد صلاحیت کے حامل کرکٹرز ہیں اور جب باقاعدگی سے یہاں کرکٹ کھیلتی جاتی رہی تو اسٹیڈیم میں شائقین کی مزید تعداد بڑھے گی۔