فضا ئیہ کے سربراہ مجاہد انور خاں نے فلائی پاسٹ کی قیادت کی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کے سربراہ، ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر فلائی پاسٹ کی قیادت کی۔ فضائیہ کے پریس ریلیز کے مطابق ائیر چیف جنہوں نے 19 مارچ ، 2018ء کو پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی اپنی پیشہ وارانہ فراست اور شوق ِپرواز کی وجہ سے مشہور ہیں، اپنے پیشروئوں کی روایت کو مدِنظر رکھتے ہوئے، ایف سولہ، بلاک باون طیارے میں محو پرواز ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پریڈ اسکوائر کے اوپر ایک شاندار ورٹیکل رول کا مظاہرہ کیا اور جہاز سے ریڈیو کمیونیکیشن کے ذریعے پا کستانی قوم کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا " میں پاکستان کی عظیم قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد" ۔ محو حیرت اور پر جوش حاضرین ائیر چیف کے جہاز کو آسمانوں کی بلندیوںمیں غائب ہوتے دیکھتے رہ گئے اور انہوں نے بھر پور تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ یوم پاکستان پریڈ میں شریک پاک فضائیہ کی فارمیشن کی قیادت کے لیے پی اے ایف بیس مصحف پہنچے۔انہوں نے بیس پر موجود فضائی اور ذمینی عملے سے ملاقات کی اور ان کے غیر معمولی عزم اورجذبے کو سراہا۔ ائیر چیف کے بعد، ائیر وائس مارشل عامر مسعود ، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ائیر کمانڈ کی زیرِکمان، F-16 طیاروںکی فور- شپ ـباکس فارمیشن سلامی کے چبوترے کے پاس سے گزری۔ ایف سولہ کے فوراٗ بعد ، جے ایف سیونٹین تھنڈر طیاروں کی فارمیشن گزری جس کی کمان ونگ کمانڈر اسد کے پاس تھی جو قومی پرچم کے رنگوں میں رنگے ہوئے طیارے میں محوِ پرواز تھے۔ اس کے بعد ونگ کمانڈر یاسر منہاس کی قیادت میں میراج طیاروں کی فارمیشن نمودار ہوئی جن کے پیچھے ایف سیون پی جی طیاروں کی فارمیشن نے بالترتیب ونگ کمانڈر احمد بلال میر اور ونگ کمانڈر احسن ریاض کی قیادت میں شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ لڑاکا طیاروں کے علاوہ ، پاک فضائیہ کے فضائی نگرانی کر نے والے طیاروں نے بھی اس فلائی پاسٹ میں شرکت کی۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ دو اواکس، ساب 2000 طیاروں کی فارمیشن ونگ کمانڈر خیام عباس اور ونگ کمانڈر ایزد شہزاد کی قیادت میں محو پرواز تھی ۔بعد ازاں پاک فضائیہ کے کمبیٹ سپورٹ جہازوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا ۔ فضاء سے فضاء میں ایندھن بھرنے والے دیو ہیکل طیارے IL-78 جسے ونگ کمانڈر زاہد اقبال اڑا رہے تھے، کے ساتھ دو C-130 ہر کولیس طیارے وینیو کے اوپر سے گزرے جن کی کمان ونگ کمانڈر سید نثار نبی اور ونگ کمانڈر عمران بابر کے ہاتھ میں تھی۔ اس شاندار پریڈ کی ایک اہم بات پاک فضائیہ میں حال ہی میں شامل کئے گئے آگسٹا ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ تھا۔