عام لوگوں کو اسمبلیوں سے دور رکھنے کے حربے ناکام ہو ںگے: ثروت اعجاز قادری
لاہور (سپیشل رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک 98فیصد متوسط طبقے کی جماعت ہے ،متوسط طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی میں فیسوں میں اضافے کے خلاف صرف PSTنے عدالت میں پٹیشن دائر کی ،غریبوں کو ایوانوں سے دور رکھنے کیلئے نئے نئے جدید طریقے استعمال کئے جارہے ہیں ،الیکشن فارم میں نئے اکائونٹ کی شرط اور فیسوں میں اضافہ اسی سلسلے کی کڑی ہے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ2018کے الیکشن میںمذہبی وسیاسی جماعتیں بھرپور حصہ لے رہی ہیں ،پاکستان سنی تحریک نے بھی اس الیکشن میں اپنے اُمیدوار قومی اور صوبائی سطح پر ملک بھرسے کھڑے کئے ہیں ،کراچی سے3قومی اسمبلی اور10صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پاکستان سنی تحریک کے اُمیدوار انتخابات میں حصہ لے رہیں سندھ سطح پر 5قومی اور20صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔ جبکہ پنجاب میںقومی اسمبلی کی 8اور صوبائی اسمبلی کی 35نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں ،اسی طرح بلوچستان سے3صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں تو دوسری جانب خیبر پختوانخوا سے ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار کھڑے کیے ہیں ،ملک بھر سے قومی وصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 73امیدوارٹیبل لیمپ کے نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں کسی کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہتے ،محب وطن متوسط طبقے کے افراد ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔