ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مخالفت کرنیوالے ملک و قوم کے دشمن ہیں‘شاہد رشید بٹ
اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ افواہوں کے زریعے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مخالفت کرنے والے اور افواہیں پھیلانے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ اگر اسکی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی گئی تو ملک کو اربوں ڈالر سے محروم ہونا پڑے گا جسکی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں توسیع کیلئے فوری طور پر صدارتی آرڈیننس جاری کیا جائے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ سابقہ حکومت نے اس سکیم کا اجراء تاخیر سے کیا اور اس پر عمل درامد عبوری حکومت پر چھوڑدیاجو اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے اس میں توسیع نہیں کرنا چاہتی جو خوش آئند ہے۔اس سکیم میں ابہام، تکنیکی کمزوریوں،رمضان المبارک کی آمدکی وجہ سے معاملات میں سست روی افواہوںاورعدالتی امور وغیرہ کی وجہ سے اس سکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند بر وقت فیصلہ نہ کر سکے جس میں انکا کوئی قصور نہیں کیونکہ عدم استحکام اور پالیسیوں میں اچانک بنیادی تبدیلیاں کرناپاکستان کے سیاسی کلچر کا حصہ ہے۔انھوں نے کہا کہ اب جب کاروباری برادری کو اس سکیم کی اہمیت و افادیت کا احساس ہو گیا ہے اس میں کم از کم ایک مہینے کی توسیع کی جائے جو اعلان سے ممکن نہیں کیونکہ یہ قانون بن چکا ہے اسلئے صدارتی آرڈیننس واحد آپشن ہے جس سے جاری حسابات کے خسارے اور ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے اور کاروباری برادری کی اعتماد سازی میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہا کہ 2016-17 میں پاکستانیوں نے قانونی ذرائع سے پندرہ ارب ڈالر سے زیادہ ملک سے باہر بھیجے جبکہ غیر قانونی چینلزسے بھیجی جانے والی رقم اس سے کہیں زیادہ ہو گی ۔