اساتذہ طلبہ سے اپنے بچوں جیسا رویہ اپنائیں:حافظ ادریس
لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے اساتدہ کی تربیت گاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ تدریس ایک بہت معزز و محترم پیشہ ہے ۔ اللہ کے تمام انبیاء ؑ انسانیت کے معلم بنا کر بھیجے گئے ۔ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ نے مجھے معلم بنا کر بھیجا ہے ۔ استاد کا مقام والدین کے مساوی قرار دیا گیا ہے مگر اس کے لیے شرط یہ ہے کہ معلم اور معلمہ اپنے شاگرد طلبہ و طالبات کے ساتھ ویسے ہی سلوک اور رویہ اپنائیں جیسا وہ اپنے بچوں کے ساتھ پیش آتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نظام تعلیم کی اصلاح اور تعمیری سوچ قوموں کا مستقبل روشن کر دیتی ہے ۔ نظام تعلیم کو قوم کی دینی ، اخلاقی ، معاشرتی اور اجتماعی اقدار کے مطابق بنانے سے معاشرہ کے اندر شرافت اور خیر پروان چڑھتاہے ۔ غیروں کی نقالی سے کبھی کسی قوم کو عزت و وقار اور کامیابی نصیب نہیں ہوئی ۔غلامانہ ذہنیت کسی بھی قوم کی غیرت و حمیت کے لیے پیغام موت کا درجہ رکھتی ہے ۔