انقلاب آرہا ہے‘ اثاثے خریدنے اور بیچنے والے سوچ لیں: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے ملک کے سارے اثاثے کلیرنس اور کلوزنگ سیل پر ہیں۔ انقلاب آنے والا ہے۔ ایسی لوٹ مار کی اندھیر نگری نہیں ہونے دی جائیگی۔ خریدنے والے سوچ کر خریدیں اور بیچنے والے سوچ کر بیچیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس پاکستان عوامی تاجر اتحاد کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر حاجی اسحاق، غلام فرید، سلطان چودھری، حفیظ الرحمن، راجہ ندیم، محبوب احمد اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا پہلے بھی قومی اثاثے اپنی فیملی کے لوگوں، دوستوں اور سیاسی جماعتوں کو بیچے گئے ۔ اب یہ بچ جانے والے قومی اثاثے سٹیل مل، پی آئی اے،آئل اینڈ گیس کمپنی، انجئینرنگ یونٹس، سڑکیں، ہائی ویز سمیت تعلیمی ادارے ، پاور مشینیں اور ٹورزم وغیرہ بیچ رہے ہیں ۔ اس حکومتی فیز کے بعد پاکستانی ریاست کے ہاتھ کچھ نہیں بچے گا۔انہوں نے مزید کہا کہفراڈ، بددیانتی اور کرپشن پر مبنی نجکاری کو عوامی انقلاب کے بعد منسوخ کر کے ریاست پاکستان کے اثاثے واپس لوٹا دیئے جائیں گے۔ ضرورت ہوئی تو بین الاقوامی شفافیت کے پیمانے کے مطابق انقلاب کے بعد نجکاری کرائیں گے ۔ خریدنے اور بیچنے والے دونوں خبردار رہیں۔