وزیر اعلیٰ نے 13 خصوصی اقتصادی زون کے قیام سے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی،میاں اسلم اقبال
صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے 13 خصوصی اقتصادی زون کے قیام سے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔وہاڑی،بھلوال،رحیم یار خان،فیصل آباد اور بہاولپور میں سپیشل اکنامک زونز بن چکے ہیں۔اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ نجی شعبہ کی جانب سے 4سپیشل کنامک زونز بنائے جارہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بات صنعت کاروں کے وفد سے اپنے کیمپ آفس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں سرمایہ کاری کے مواقعوں،سازگار ماحول اور سرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولتوں پر بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شیخوپورہ میں موٹروے کے نزدیک 1536ایکڑ رقبے پر پاکستان کا پہلا سمارٹ سپیشل اکنامک زون قائد اعظم بزنس پارک کا افتتاح ہوچکا ہے۔سی پیک منصوبے کے تحت فیصل آباد میں بننے والے اکنامک زون سے براہ راست 4 لاکھ اور مجموعی طور پر 10 لاکھ روزگار کے مواقع پیداہوں گے۔سی پیک کے تحت3237ایکڑ رقبے پر بننے والے اس اکنامک زون میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زون میں 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور پہلی بار درآمدی مشینری پر زیرو ڈیوٹی کی سہولت بھی ملتی ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعتی مراکز میں عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی فراہمی کے باعث اندورنی و بیرونی سرمایہ کاروں کی پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھی ہے۔ حکومت کی درست معاشی ترجیحات سے برآمد ات اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ صنعت کاری کے عمل میں تیزی اور سرمایہ کاری میں اضافہ حکومتی معاشی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کے عمل کو سہل بنایا گیا ہے اورسرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت بھی دی گئی ہے۔صوبائی وزیر نے مزیدکہا کہ سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں،انہیں ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔