امریکی ماڈل لارین سٹیارٹ نے شوہر سمیت 2 بچوں کو قتل کر کے خود کشی کی
مشی گن (صباح نیوز) امریکی ریاست مشی گن کی معروف ماڈل نے اپنے شوہر سمیت 2 بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون کی دوست نے بتایا کہ میرے لئے یقین کرنا مشکل ہے کہ 45 سالہ لارین سٹیارٹ نے انتہائی بے دردی کے ساتھ اپنی فیملی پر فائرنگ کردی اور پھر اپنی جان لے لی جسے پولیس نے خودکشی قرار دیا۔ لارین اور اس کی فیملی گو ہاربر کے علاقے میں اپنے گھر میں اس وقت مردہ پائی گئی تھی جب ان کے ایک عزیزکے فون پر پولیس موقع پر پہنچی تھی۔ حکام کو گھر سے 4 لاشیں ملیں جن کی شناخت لارین، انکے 47سالہ شوہر ڈینیل اور ان کے دو بچوں 27 سالہ اسٹیون اور 24 سالہ بیتھانے کے نام سے ہوئی۔ مرنے والے تمام افراد کے سر میں گولیاں ماری گئی تھیں جبکہ ایک بندوق بھی موقع سے برآمد ہوئی تھی۔