ماحولیاتی تحفظ جیسے مسائل حل کیلئے اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے:شیخ محمد یوسف
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)موسمیاتی تبدیلی کے نگران وزیر شیخ محمد یوسف سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی چیئرمین سینیٹر ستارہ ایاز نے وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ملاقات کی۔موسمیاتی تبدیلی کے وزیر شیخ محمد یوسف نے ملاقات کے دوران کہا کہ ہمیں اپنے ماحول کے تحفظ کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے .ہمار ے ماحول کو ماحولیاتی تبدیلی، صحرابردگی، فضائی آلودگی اور آبادی میں بے تحاشا اضافے کی شکل میں کئی چیلنجز کا سامنا ہے .انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی بقا ء اور اپنی آئندہ نسلوں کے لئے ماحولیاتی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کی چیئر پرسن سینیٹر ستارہ ایاز نے ملک کے مجموعی ماحولیاتی مسائل پر روشنی ڈالی۔انہوں نے راول ڈیم اور اسلام آباد میں ماحولیات سے متعلقہ انحطاط پزیری کے بارے میں بھی بتایا ۔
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر قومی صحت محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ وزارت کے افسران عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت قومی صحت میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ محمد یوسف شیخ نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا کردار انتہائی ا ہم ہے اور افسران کو ہدایت کی کہ معیاری ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنایا جائے اور خصوصی طور پر جان بچانے والی ادویات کی مارکیٹ میں فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر قومی صحت نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت عوام کی فلاح و بہبود ، بالخصوص صحت کے شعبے میں اولین ترجیح دیتی ہے اور اس سلسلے میں تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے لیے وسیع تر مشاورت کی ضرورت ہے انہوں نے وزارت قومی صحت کے تمام اداروں کے سربراہان سے کہا کہ اس سلسلے میں اپنی سفارشات مرتب کریں تاکہ اس قلیل مدت میں بہتر اقدامات اٹھائے جا سکیں۔