ایل ڈی اے سٹی کے فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کا عمل تیز
لاہور (خصوصی نامہ نگار)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے سٹی کے فائل ہولڈرز کو جلد ازجلد پلاٹ دینے کے لئے حصول اراضی کا عمل تیزکر دیا ، اس سلسلہ میں فیروزپور روڈ سے بچڑخانہ ڈسٹری بیوٹری کے ساتھ ساتھ13ہزار کنال اراضی کوڈویلپمنٹ ایریا ون قرار دیا گیا ہے‘یہاں سکیم کا سائٹ آفس قائم کر کے موقع پر ضروری عملہ تعینات کیاجائے‘سکیم کی پلاننگ میں ترامیم کو تین روز کے اند ر اندر حتمی شکل دی جائے گی اور سکیم مکمل کرنے کے لئے کی جانے والی پیش رفت کی رپورٹ ہر ماہ باقاعدگی سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایل ڈی اے سٹی میں فائلیں خریدنے والے تمام نو ہزار افراد کو جلدازجلد پلاٹ دینے کے لئے ایل ڈی اے سٹی کی مختلف جگہوں پر واقع اراضی کی بجائے ایک ہی جگہ پرواقع وسیع رقبے پر ترقیاتی کام شروع کئے جائیںگے تاکہ پلاٹوں کی فراہمی کا عمل شروع کیا جا سکے۔ مجوزہ ڈویلپمنٹ ایریان ون میں آٹھ ہزار کنال اراضی پہلے سے ایل ڈی اے کے پاس موجود ہے جبکہ باقی45سو کنال اراضی حاصل کرنے کے لئے کارروائی شروع کی جارہی ہے ۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ایل ڈی اے سٹی کے لئے حصول اراضی کا کام آٹھ ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ مدت 21جنوری سے شروع ہو چکی ہے ۔