فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کو خفیہ بینک اکاونٹس میں کروڑوں روپے کی موجودگی کا معاملہ نمٹاتے ہوئے زیرو ٹیکس عائد کردیا
لاہور (کامرس رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کو خفیہ بینک اکاونٹس میں کروڑوں روپے کی موجودگی کا معاملہ نمٹاتے ہوئے زیرو ٹیکس عائد کردیا ہے ۔ ایف بی آر ذرائع نے بتایا ہے کہ گلوکار راحت فتح علی خان نے سال 2014کے دوران اپنے خفیہ بینک اکاونٹس میں موجود رقم کو سال دوہزار اٹھارہ میں متعارف کرائی گئی ایمنیسٹی سکیم کے تحت قانونی شکل دے لی تھی۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایمنسٹی سکیم کے تحت اکاونٹس میں موجود رقم کو قانونی شکل دینے کے سبب گلوکار پر مزید ٹیکس عائد نہیں کیا جاسکتا ہے جس پر ایف بی آر نے سا ل 2014 کے انکم ٹیکس آڈٹ کے بعد گلوکار راحت فتح علی خان پر زیرو ٹیکس عائد کردیا۔ذرائع کے مطابق انٹیلی جینس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے گلوکار راحت فتح علی خان کے خفیہ بینک اکاونٹس میں 9 کروڑ روپے کی موجودگی کی رپورٹ ریجنل ٹیکس آفس کو بھجوائی تھی۔ گلوکار راحت علی خان کے خفیہ بینک اکاونٹس کی تفصیلات انٹیلی جینس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے ریجنل ٹیکس آفس کو بھجوائی تھیں جس پر ان کا انکم ٹیکس آڈٹ شروع کر دیا گیا تھا ۔