لاہور: وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جمہوری اقدار اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شفافیت کو مدنظر رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے این اے 75 ڈسکہ کے بیس پولنگ سٹیشنز پر الیکشن کمیشن کو دوبارہ انتخاب کروانے کا مطالبہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے جمہوری اقدار اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شفافیت کو مدنظر رکھا ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی کم ظرفی 2013 کے بعد چار حلقے کھولنے کی درخواست پر سب نے دیکھ لی۔دو سال کی طویل عوامی جدوجہد، اور شدید حکومتی مزاحمت کی گواہی تاریخ میں رقم ہے۔ معصوم انسانوں کا خون بہا کر اور اعلیٰ عدالتوں سے ذلت اٹھا کر ن لیگ نے چار حلقے کھولے۔ وزیراعظم عمران خان نے آزادانہ اور شفاف انتخابی عمل کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی۔
صوبائی وزیر خانہ جات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا مقصد خاندانوں کی بجائے اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے سیاست میں ہمیشہ اعلیٰ اقدار متعارف کرائی ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے اس اعلان سے پاکستانی معاشرے میں جمہوری اقدار کو فروغ ملے گا۔