بلدیہ عظمیٰ کراچی کے خلاف بے بنیاد خبروں کا نوٹس‘ کارروائی کا فیصلہ
کراچی (خبر نگار)ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے سفاری پارک کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سفاری پارک میں موجود ہاتھی اور دیگر جانوروں کی صحت کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ہر ہفتے ویٹرنری ڈاکٹر سے ان جانوروں کا معائنہ کرایا جائے، سفاری ایریا میں موجود خالی پنجروں کے لئے جانور اور پرندے لانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور شہریوں کے لئے فراہم کردہ سہولیات کا معیار بہتر بنایا جائے، یہ ہدایات انہوں نے سوشل میڈیا پر سفاری کی ہتھنی ملکہ کی صحت کے حوالے سے چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے پیر کے روز سفاری پارک کے دورے کے موقع پر دیں ،اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن منصور قاضی، ڈائریکٹر سفاری پارک آفتاب قائم خانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہتھنی ملکہ کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ ہتھنی کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے اور باقاعدگی کے ساتھ طبی معائنہ کرایا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر بلدیہ عظمیٰ کراچی اور اس کے افسران کے خلاف بے بنیاد خبریں یا تصاویر پوسٹ کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ہدایت کی گئی ہے، آئندہ ایسے افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائے گی ۔