سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور ملک کیلئے نیک شگون ہے، لالہ افضل
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) مسلم کرسچن اتحاد کے صدر لالہ افضل نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور ملک کے لئے نیک شگون ہے۔ ن لیگ نے نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کے لئے پارلیمانی عددی اکثریت کی بنیاد پر جو قانون سازی کی ہے یہ دستور کے بنیادی فریم سے متصادم اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی ضد میں تھی ۔ گزشتہ روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لالہ افضل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے نتیجے میں سیاسی جماعتیں مافیا کے قبضے سے آزاد ہوں گی اور سیاسی جماعتوں پر چند خاندانوں کی گرفت ڈھیلی پڑ جائے گی۔باپ بیٹے اور بیٹی کی سیاست نے پاکستان کو بند گلی میں دھکیلا ہے اس سے نجات ملے گی ۔عدالتی فیصلوں کے خلاف احتجاج اور سڑکوں پر نکلنے کا راستہ اختیار کرنا ملک دشمنی ہوگی ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ آئین اور قانون کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سینیٹ انتخابات میں بھی ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لے اور سینیٹ الیکشن میں پیسے کے عمل دخل اور ریل پیل کو روکے۔ سیاست کو کرپٹ مافیا سے آزاد کرنا ہوگا ۔ نواز شریف سرٹیفائڈ نااہل ہیں، انہیں پارٹی صدر بنانے کے لئے قانون سازی کرنے والے ممبران قوم کے مجرم ہیں۔