جعلی ڈگری کیس، ایگزیکٹ کے چیف ایگزیکٹو کی بریت کیخلاف اپیل کی سماعت ملتوی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں ایگزیکٹ کے چیف ایگزیکٹو شعیب شیخ و دیگر ملزمان کی بریت کے فیصلے کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت عالیہ کے ڈویڑن بنچ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود کو ملزمان کے وکلاء کو پیپر بک فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 5 مارچ سے روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت ہو گی۔ جمعرات کو جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں ملزمان کی بریت کے فیصلے کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل کی سماعت کی۔ اس موقع پر مرکزی ملزم شعیب شیخ کے وکیل راجہ رضوان عباسی ، بعض دیگر ملزمان کی جانب سے بابر اعوان جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود پیش ہوئے۔ دوران سماعت شعیب شیخ کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے اعتراض اٹھایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے اشفاق نقوی کو سپیشل پراسکیوٹر مقرر کرنا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ یہ ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل ہے، پہلے اپیل کنندہ کو سنیں گے ، کیس میں سپریم کورٹ نے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔ بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ ایک ماہ کا وقت آج سے شروع ہو گا۔ راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے سندھ ہائی کورٹ میں بھی مقدمات سماعت کے لئے مقرر ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت اس معاملے میں تاخیر نہیں کرے گی۔