عدلیہ کی توہین برداشت نہیں، نواز شریف حدود پار نہ کریں: ہائیکورٹ بار
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز پر زور دیا ہے کہ وہ احترام کے دائرے میں رہ کر عدلیہ پر نکتہ چینی کریں اور قانونی حدود پار نہ کریں۔ بار نے احد چیمہ کی گرفتاری پر بیورو کریسی کے اجلاس کی شدید مذمت کی۔ ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ وکلاء برادری سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اور عدلیہ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ دیا اس پر تنقید سے گریز کیا جائے۔ سیکرٹری عامر سعید راں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کرپشن کے خلاف جو قدم اٹھایا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ نائب صدر راشد لودھی نے واضح کیا کہ پہلے دن سے سپریم کورٹ کے فیصلوں کے ساتھ ہیں۔ سپریم کورٹ کے وقار پر کوئی بھی حملہ کیا گیا تو برداشت نہیں کریں گے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ووٹ کا تقدس بحال ہوا ہے اور سب احتساب کا ہونا چاہیے۔
لاہور ہائیکورٹ بار