الخدمت فاؤنڈیشن کی سینٹ فرانسس چرچ میں عیسائی برادری کیلئے تقریب کا انعقاد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت لاہور میں بشپ فرانسس چرچ میں کرسمس کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 200 سے زائد مستحق اور نادار عیسائی خاندانوں میں ونٹر پیکج اور کرسمس کے تحفے تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے صدر راؤ محمد ظفر‘ نمائندہ ایران و گلف بشپ آزاد مارشل‘ فادر فلپ جان‘ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر میاں بابر حمید سمیت عیسائی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے صدر راؤ محمد ظفر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا مذہبی تفریق و بلاتعصب انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ بشپ آزاد مارشل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیسائی برادری کیلئے کرسمس جیسے خوشی کا موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال ایسی تقاریب کا انعقاد کرتی ہے اور عیسائی برادری کی خوشیاں دوبالا کرتی ہے جس کیلئے ہم الخدمت کے مشکور ہیں۔ اس موقع پر عیسائی خاندانوں نے بھی الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔