رمضان المباک غریب لوگوں کی مدد کا نام ہے:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا قرآن مجید کی آیت کا حوالہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بھرپور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز مسلمانوں کے لیے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ یہ رمضان پہلے کی نسبت بہت مختلف ہو گا کیونکہ کورونا وائرس کے باعث تمام سرگرمیاں متاثر ہوں گی، دریں اثناءتنازعات والے ممالک کے لوگ جنگ اور عدم تحفظ کے ساتھ ایک بار پھر مصائب کا سامنا کرتے ہوئے رمضان منائیں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر ندیا بھر میں جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے جنگ بندی ضرروی ہے۔ انہوں اس قرآن مجید کی سورہ انفال کی آیت 61 کا حوالہ دیا جس کا ترجمہ ہے،” اور اے نبی ﷺ ! اگر دشمن صلح و سلامتی کی طرف مائل ہوں تو تم بھی اس کے لئے آمادہ ہو جاﺅ۔۔۔“۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المباک انتہائی کمزور اور غریب لوگوں کی مدد کا نام بھی ہے اور میں پوری مسلم دنیا کی حکومتوں اور لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو مہمان نوازی اور سخاوت کی بہترین اسلامی روایت میں امن پسند لوگوں کی حمایت کرتے ہوئے اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرتے ہیں جو اس دنیا کے لیے ایک سبق ہے جہاں کورونا وائرس سے بھی پہلے تحفظ کے محتاج افراد کے لئے بہت سے دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں تمام افراد کے لیے اتحاد و یکجہتی، ہمدردی اور رحمتوں کے لیے دعا گو ہیں۔